بھٹکل 8/اکتوبر(ایس او نیوز)ون واسی کلیان کرناٹکا، او این جی سی دہلی اور بھٹکل کے آروگیہ بھارتی ادارے کے تعاون سے جنگلاتی علاقوں میں بسنے والے باشندوں (ون واسیوں) اور دیگر افراد کے لئے علاج معالجے کی سہولت والی موبائل کلینک کا افتتاح بھٹکل تعلقہ کے اتر کوپا کے مقام پر عمل میں آیا۔
ڈاکٹر صرّاف نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے بتایا کہ ہفتے کے 3دن بھٹکل تعلقہ کے دیہی علاقوں اور 2دن ہوناور تعلقہ کے مضافات میں اس موبائل کلینک کی خدمات دستیاب ہونگی۔اترکوپا سے چلنے والی اس کلینک میں ڈاکٹر گیتا چنداورکر طبی خدمات انجام دے رہی ہیں، جبکہ اس کی نگرانی اور ذمہ داری آروگیہ بھارتی کے ڈاکٹر پانڈو رنگ نائک نے اپنے سر لی ہے۔
اس موبائل کلینک کے لئے دہلی سے او این جی سی نے مفت ایمبولینس عطیہ میں دی ہے۔ایک سال تک ون واسی کرناٹکا نامی تنظیم کے سنجے کوشک اور اوما کوشک اس کا انتظام سنبھالیں گے۔اس جلسے کی صدارت کرشنا مراٹھی نے کی۔ ڈاکٹر پرکاش کامت اور ڈاکٹر پانڈو رنگ نائک نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔جلسے میں ڈاکٹر گوتم، گنیش شنگن کولی وغیرہ حاضر تھے۔